7 ستمبر، 2026، 5:13 PM

میرے لیے ایران-پاکستان کے عوام کے درمیان روابط کو فروغ دینا خصوصی اہمیت کا حامل ہے، پاکستانی سفیر

میرے لیے ایران-پاکستان کے عوام کے درمیان روابط کو فروغ دینا خصوصی اہمیت کا حامل ہے، پاکستانی سفیر

ایران میں پاکستانی سفیر نے سرمایہ کاری میں اضافے، تجارت کو آسان بنانے اور تہران سمیت دیگر شہروں میں ثقافتی نمائشوں کے انعقاد کے لیے وسیع منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران میں پاکستانی سفیر عمران احمد صدیقی تہران کے گورنر محمد صادق معتمدیان سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں دونوں ممالک کے تعلقات کو وسعت دینے کے لیے اقتصادی اور ثقافتی منصوبوں کے ایک پیکیج کا ذکر کیا اور ایران کے اہم ترین صوبوں میں تہران کی نمایاں حیثیت اور اس کی موجود صلاحیتوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک اس سے قبل بھی تجارتی تعاون، سرمایہ کاری اور اقتصادی روابط کو آسان بنانے کے شعبوں میں مسلسل پیش رفت کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا سفارت خانہ پاکستانی سرمایہ کاروں کو تہران میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع کے ساتھ ساتھ ایران کی سرحدوں پر قائم آزاد تجارتی و صنعتی زونز سے بھی آگاہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

پاکستانی سفیر نے تہران کے گورنر کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے اہم نکات میں سے ایک عوامی روابط کا فروغ قرار دیتے ہوئے کہا کہ میرے لیے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو فروغ دینا خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔

انہوں نے اس سلسلے میں ایران کے مختلف شہروں، بالخصوص تہران میں ثقافتی نمائشوں کے انعقاد کے منصوبے کا بھی اعلان کیا اور بتایا کہ تہران کے گورنر نے ان تقریبات کے انعقاد کے لیے گورنریٹ کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔

پاکستانی سفیر صدیقی کے مطابق، ان تمام اقدامات کا نتیجہ بالآخر ایران اور پاکستان کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سب سے بڑھ کر عوامی تعلقات کے فروغ اور توسیع کی صورت میں سامنے آئے گا۔

ابھی تک ثقافتی نمائشوں کے انعقاد کے وقت اور مقام یا سرمایہ کاری کے ترجیحی شعبوں کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں، تاہم ایسا معلوم ہوتا ہے کہ پاکستان کا سفارت خانہ آنے والے مہینوں میں ان منصوبوں پر عملی اقدامات کا آغاز کرے گا۔

News ID 1941204

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha